(24 نیوز)ملک بھر میں مہنگائی کے اعدادو شمار میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ ترین اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 1.29 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیاء سستی ہوئیں اور 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 69 روپے اضافہ ہوا، جو 434 روپے سے بڑھ کر 503 روپے تک جا پہنچی، فی درجن انڈے 22 روپے مہنگے ہوئے، چینی کی قیمت میں 4 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔
دیگر مہنگی ہونے والی اشیاء میں گڑ، مٹن، آٹا، دال مسور، دال مونگ، دال ماش اور تازہ دودھ شامل ہیں۔
ٹماٹر کی قیمت میں 2 روپے فی کلو کمی ، لہسن 13 روپے اور پیاز 1 روپے فی کلو سستا ہوا، آلو، چاول، گھی اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی پر ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں