اسلام آباد:
حکومت نے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024ء منظور کرانے کی کوشش کی، تاہم اپوزیشن کے کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کوشش ناکام ہو گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں حکومت کی طرف سے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024منظور کرانے کی کوشش کی گئی، تو اس موقع پر اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی ۔
دورانِ اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی گنتی میں تحریک تو منظور ہوگئی ، تاہم اپوزیشن کی جانب سے بروقت نشاندہی پر کورم کی رکاوٹ سامنے آ گئی اور انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024پر اپوزیشن نے تحریک کی منظوری کے لیے گنتی چیلنج کردی ۔
اس وقت حکومتی اتحاد کے 67ارکان ایوان میں موجود تھے جب کہ اپوزیشن کے 32ارکان موجود تھے۔ اپوزیشن نے تحریک منظوری کا بدلہ کورم کی نشاندہی کرکے پورا کرلیا۔
بعد ازاں ایوان میں گنتی کی گئی تو کورم پورا نہیں نکلا، جس پر اجلاس میں وقفہ کیا گیا، تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، جس پر قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔