42.9 C
Lahore
Thursday, May 15, 2025
ہومکھیلوں کی خبریںخطیر تنخواہیں بھاری اخراجات، چیمپئنز کپ اور مینٹورز پروگرام سے بورڈ مایوس،...

خطیر تنخواہیں بھاری اخراجات، چیمپئنز کپ اور مینٹورز پروگرام سے بورڈ مایوس، ختم کرنے کا فیصلہ


کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ کو بلندیوں پر لے جانے کے لئے چیمپئنز ٹورنامنٹ اور مینٹور کا منصوبہ شروع کیا تھا۔ محتاط اندازے کے مطابق اس منصوبے کیلئے سالانہ دو ارب روپے کی خطیر رقم رکھی گئی تھی لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے کے بعد اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اس منصوبے کا جب جائزہ لیا تو منفی رپورٹس سامنے آئیں۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق سالانہ تین ٹورنامنٹس ہونا تھے ، کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیئے گئے اور علیحدہ میچ فیس مقرر کی گئی۔ وقار یونس، مصباح الحق ، ثقلین مشتاق ، سرفراز احمد اور شعیب ملک کو ماہانہ پچاس لاکھ روپے کی تنخواہ پر مینٹور اور وہاب ریاض کو ان کا نگراں مقرر کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیتنے پر ایک کروڑ روپے کا بونس دیا گیا۔ شعیب ملک کا استعفیٰ پی سی بی کو مل چکا ہے۔ پی سی بی چاہتا ہے کہ دیگر چار مینٹورز بھی خود مستعفی ہوجائیں کیونکہ برطرفی صورت میں پی سی بی کو معاہدے کے مطابق انہیں چار چار ماہ کی تنخواہ ادا کرنا پڑے گی۔ پی سی بی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ابھی کسی مینٹور کو برطرفی کا خط جاری نہیں کیا گیا ہے۔ مینٹورز نے بھی جنگ سے گفتگو میں اس کی تصدیق کی ہے ۔ مینٹورز کو فارغ کرنے کے بعد ملک بھر کی اکیڈمیز کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پلان جونیئر کرکٹ ٹیموں، شاہینز ، ایمرجنگ اور ایج گروپس ٹیموں کیلئے تیار کیا گیا ہے جسے ڈائریکٹر ہائی پر فارمنس عاقب جاوید منظوری کیلئے پیش کریں گے۔ ذرائع نے کہا کہ پلان کے تحت بائیومکینکس لیب کو مقامی یونیورسٹی سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور منتقل کرنے کاپلان ہے، کرکٹرز کو جدید آلات اور سافٹ ویئرز کے ساتھ ٹریننگ دی جائے گی۔ سیالکوٹ میں انڈر 13اور انڈر15ایج گروپس کے کھلاڑیوں کے پروگرامز ہونگے جب کہ فیصل آباد میں انڈر 17ایج گروپ کےکھلاڑیوں کے طویل ٹریننگ پروگرام ہوں گے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات