کراچی:
اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہری کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
گزشتہ شب پیر آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر فائیو ای غوثیہ کالونی میں فرار ہوتے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑجانے والے 34 سالہ کاشف ولد ارشاد حسین کی نمازجنازہ گزشتہ روزاورنگی ٹاؤن سیکٹرفائیو ای میں واقع غوثیہ مسجد میں ادا کی گئی۔
بعد ازاں مقتول کی میت اورنگی ٹاؤن دس نمبر میں واقع الفتح قبرستان لے جائے گئی جہاں مقتول کو آہوں اورسسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا، مقتول تین بچوں کا باپ اور چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، وہ نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔
مقتول کاشف کے اہلخانہ نے اعلیٰ پولیس افسران سے انصاف فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعے سزا دینےکا مطالبہ کیا ہے۔
ادھرپیرآباد پولیس نے واقعے کامقدمہ الزام نمبر 25/207 بجرم دفعہ34،394/397 کے تحت مقتول کے بھائی احمد کی مدعیت میں موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم مسلح ڈکیتوں کے خلاف درج کرلیا۔