کراچی:
شہر قائد کے علاقے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب اللہ والی مسجد کے نزدیک سے ایک ضعیف العمر شخص کو بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جسے فوری طور پر چھیپا ایمبولینس سروس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت 65 سالہ عبدالعزیز ولد محمد اسحال کے نام سے کی گئی ہے۔
عبدالعزیز سے ملنے والے سامان کی تلاشی کے دوران خواتین کے نام سے جاری دو بھارتی پاسپورٹس اور ایک قومی شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ پولیس اور حساس ادارے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال پہنچ گئے اور معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم ہلاک، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد
تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بھارتی پاسپورٹس سعودی عرب کے شہر جدہ سے جاری کیے گئے تھے، جن پر بھارت کے شہر حیدرآباد کا پتہ درج ہے۔ دونوں پاسپورٹس کی معیاد سال 2028 تک ہے۔
عبدالعزیز تاحال جناح اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، جبکہ پولیس اور حساس ادارے اس کے پاسپورٹس، شناختی کارڈ اور پس منظر کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ واقعے نے سیکیورٹی اداروں کی توجہ حاصل کر لی ہے،