30 C
Lahore
Tuesday, May 13, 2025
ہومخاص رپورٹملک بھر میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر ریلیاں...

ملک بھر میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر ریلیاں نعرے اور جشن



( 24 نیوز )بھارت کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے پر افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور تشکر کے طور پر ملک بھر کے شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، سبز ہلالی پرچموں کی بہار نظر آئی اور فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔

بلوچستان کے ضلع حب میں پاکستان کی تاریخی کامیابی اور بھارت کی پسپائی پر یومِ تشکر منایا گیا۔ ہزاروں شہری قومی پرچم تھامے ریلی میں شریک ہوئے اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بھی عوام نے افواجِ پاکستان کے دفاعی کارناموں کو سراہتے ہوئے زبردست ریلی نکالی۔ شرکاء نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معصوم شہداء کا بدلہ لیا اور دشمن کو بھرپور جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

ملاکنڈ، بٹ خیلہ اور درگئی میں شہریوں نے ریلیاں نکال کر پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا جواب بھرپور قوت سے دیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں:کل سے کراچی پورٹ پر کتنے بحری جہاز آئے؟

آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے یومِ تشکر ریلیاں نکالی گئیں۔ آزادی چوک میں ہونے والی مرکزی ریلی میں شرکاء نے پاک فضائیہ کے اقدام کو مودی کے غرور کا خاتمہ قرار دیا اور کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

سندھ کے شہر کشمور میں بھی بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر عوام نے علمدار چوک تک فلک شگاف نعروں کے ساتھ ریلی نکالی۔ حاجی عبدالرؤف کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پاک فوج دنیا کی بہادر ترین فوج ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔“

شہدادکوٹ اور نصیرآباد میں لغاری محلہ سے پریس کلب تک ہونے والی ریلی میں شہریوں نے بھارت مخالف نعرے لگائے اور کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔

 مزید پڑھیں:سٹار کرکٹر دوبارہ پاکستان آرہے ہیں؟ اہم بیان جاری ۔۔۔۔

راجن پور میں وکلاء، تاجر، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں اسپتال چوک سے کچہری چوک تک ریلی نکالی، بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

ساہیوال کے ضلع کونسل ہال سے ڈی سی چوک تک الفتح ریلی نکالی گئی، جہاں شرکاء نے ”پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد“ کے نعرے لگائے۔

ملک بھر میں جاری ان ریلیوں نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان ایک متحد قوم ہے، جو اپنی فوج پر ناز کرتی ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات