پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عماد عرفانی نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
عماد عرفانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلم ’آسمان بولے گا‘ سے کچھ یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
ان تصاویر میں اُنہیں پاکستان ایئر فورس کا یونیفارم پہنے جنگی جہاز میں بیٹھ کر اُڑان بھرنے کی تیاری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکار نے فلم ’آسمان بولے گا‘ میں پاکستان ایئرفورس کے پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے کام کی نوعیت کی وجہ سے مجھے پاکستان ایئرفورس کے آفیسرز کو کام کرتے دیکھنے کا اعزاز ملا۔
عماد عرفانی نے مزید لکھا کہ میں نے پاکستان ایئر فورس کی مسلسل ٹریننگ، زبردست نظم و ضبط، حب الوطنی اور اس عظیم قوم کے دفاع کا عزم دیکھا۔
اُنہوں نے پاکستان ایئرفورس کی شاندار صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آج ایک بار پھر ہم بطور پاکستانی کہہ سکتے ہیں کہ ہم سب کو آپ پر فخر ہے!