(24نیوز) بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔
بھارتی کرکٹ سٹار ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا جس کے ساتھ ہی ٹیسٹ فارمیٹ میں ان کی 14 سالہ شاندار کرکٹ کیریئر کا اختتام ہو گیا ، کوہلی نے 123 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں سے 68 میچز میں وہ بھارت کے کپتان رہے، اور اس دوران انہوں نے 9230 رنز اسکور کیے۔ ان کا اوسط 46.85 رہا۔
کوہلی نے اپنے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا 14 سال ہو گئے ہیں جب میں نے ٹیسٹ کرکٹ ڈیبیو کیا، سچ کہوں تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ سفر مجھے کہاں تک لے جائے گا، یہ سفر میرے لیے ایک امتحان، ایک تربیت اور زندگی بھر کے لیے سیکھنے کا موقع ثابت ہوا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں:اہم کھیل پر پابندی عائد کردی گئی،وجہ کیا بنی؟ جانیے۔۔۔۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا بہت ذاتی تجربہ ہے اس میں خاموش محنت، طویل دن، اور وہ لمحے شامل ہیں جو لوگ نہیں دیکھ پاتے مگر وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ جب میں اس فارمیٹ کو چھوڑ رہا ہوں تو یہ آسان نہیں ہے مگر یہ صحیح لگتا ہے۔ میں نے جو کچھ بھی تھا اس میں لگا دیا اور اس نے مجھے اس سے کہیں زیادہ واپس دیا جس کی میں نے امید کی تھی، میں ایک دل کے ساتھ جا رہا ہوں جو شکر گزار ہے، اس کھیل کا، ان لوگوں کا جنہوں نے میدان میں میرے ساتھ وقت گزارا اور ہر اس شخص کا جس نے مجھے راستے میں سراہا۔ میں ہمیشہ اپنی ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کو مسکراہٹ کے ساتھ یاد رکھوں گا۔
کوہلی کا یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب ان کے کچھ ساتھی کھلاڑیوں نے بھی ریٹائرمنٹ لے لیا ہے، جن میں روہت شرما اور آر اشوین شامل ہیں۔