فضائی حملوں میں نقصان سے بچنے کےلیے کراچی کے نجی اسپتال نے ہدایات جاری کردیں۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو مخصوص اقدامات اپنانے چاہئیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔
ہدایات میں کہا گیا کہ فضائی حملے کی صورت میں شہری فوراً محفوظ پناہ لیں اور کھلے مقامات پر ہجوم سے گریز کریں۔
اگر آپ عمارت کے اندر موجود ہوں تو فوری طور پر تہہ خانے یا سب وے ٹنل میں چلے جائیں جبکہ کھلی جگہ پر موجود افراد زمین پر لیٹ جائیں، چہرہ نیچے رکھیں اور سر کو بازو کے نیچے چھپا لیں، قریبی عمارت کا رُخ کریں مگر شیشے سے دور رہیں اور دیواروں کے ساتھ ٹیک نہ لگائیں۔
شہریوں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ غیر آتشگیر کپڑوں سے جسم کو ڈھانپیں کھڑکیوں پر پلاسٹک شیٹ یا ٹیپ لگائیں صاف پانی اور خوراک کو محفوظ رکھیں۔
انتظامیہ کا کہنا کہ حملے کے دوران آسمان کی طرف دیکھنے، تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے گریز کیا جائے نیز کھڑکیوں کے قریب ہرگز پناہ نہ لی جائے۔