کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج،آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ بارے مثبت خبروں اور مالیاتی اداروں کی اہم سیکٹرز میں خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان،کے ایس ای 100انڈیکس میں 3.52فیصد کی شرح سے 3648 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ،100انڈیکس ایک لاکھ 3 سے بڑھ کر ایک لاکھ 7ہزار کی حد بھی عبور کر گیا،68.02 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 367ارب 89 کروڑ 74 لاکھ روپے کا اضافہ،تاہم کاروباری حجم 21.00 فیصد کم رہا، جمعرات کی تاریخی مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز ٹریڈنگ کے آغاز پر مندی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 1103پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 3 ہزار کی حد سے بھی نیچے آگیا،تاہم اس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ میں پاکستان کے بارےمثبت فیصلے کی امید اور مالیاتی اداروں کی خریداری سےجلد ہی صورتحال تبدیل ہو گئی اور پہلے ہاف کا اختتام تیزی پر ہوا،دوسرے ہاف کا آغاز بھی تیزی پر ہوا جس کے بعد مسلسل تیزی سے ایک موقع پر انڈیکس 4018 پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا اور اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 3.52 فیصد کی شرح سے 3647.82 پوائنٹس کے اضافے سے103526.82 پوائنٹس سے بڑھ کر 107174.64 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 1169.96 پوائنٹس بڑھنے سے 31478.14 پوائنٹس سے بڑھ کر 32648.10 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 1985.48 پوائنٹس کے اضافے سے 64528.00 پوائنٹس سے بڑھ کر 66513.48 پوائنٹس پر آگیا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 441 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،300 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،99 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 42 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی،خریداری بڑھنے سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 367 ارب 89 کروڑ 74 لاکھ 21 ہزار روپے بڑھنے سے 12893 ارب 24 کروڑ 95 لاکھ 36 ہزار روپے ہو گئی،جبکہ کاروباری حجم 13 کروڑ 72 لاکھ 54 ہزار شیئرز کی کمی سے 51 کروڑ 62 لاکھ 95 ہزار شیئرز پر آگیا،جمعہ کو مارکیٹ میں کاروباری حجم کے لحاظ سے ورلڈ کال،سنرجی کو پاک،سوئی سدرن گیس،بینک آف پنجاب اور پاک ریفائنری سر فہرست رہے۔