پی سی بی کے تحت قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کپ کے دوسرے دن دو میچز کا فیصلہ ہوگیا۔چیلنجرز نے قومی ون ڈے چیمپئن اسٹارز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔اسٹرائیکرز نے انونسیبلز کو 7 وکٹوں سے زیر کرلیا۔ یہ انونسیبلز کی مسلسل دوسری ناکامی رہی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے تحت 5 ٹیموں کے درمیان ہونے والے 30 لاکھ روپے انعامی رقم کے ایونٹ کے دوسرے دن نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والی انونسیبلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر134 رنز اسکور کیے۔
صائقہ ریاض ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ گزشتہ میچ میں ففٹی داغنے والی کپتان منیبہ علی نے 31 رنز اسکور کیے، دونوں اوپنرز نے 80 رنزکا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ ام ہانی نے 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں اسٹرائیکرز نے 3 وکٹیں کھو کر آخری اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔پلیئر آف دی میچ ایمان فاطمہ نے ایک چھکے اور6 چوکوں کی مدد سے نا قابل شکست 42 رنز اسکور کیے۔کپتان گل فیروزہ نے 41 رنز جوڑے۔
دوسری جانب اوول گراونڈ پراسٹارز پہلے کھیلتے ہوئے 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔گزشتہ میچ میں ناقابل شکست 89 رنز بنانے والی کپتان سدرہ نواز نے 27 رنز ناٹ آوٹ کے ساتھ مزاحمت کی۔ رامین شمیم اور زیب النسا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔
چیلنجرز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے اپنا پہلا میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔صدف شمس 32 اور کپتان رامین شمیم 21 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ قابل ذکر رہیں۔
طوبٰی حسن نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ رامین شمیم آل راونڈ کاررکردگی کی بنیاد پرپلیئر آف دی میچ قرار پائیں، اسٹارز نے اپنے پہلے میچ میں اسٹارئیکرز کو مات دی تھی۔