پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 سے زائد اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے ہیں۔
سینیئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے بھارتی مقاصد بتاتے ہوئےکہا کہ بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ روز بھارت کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، نا صرف پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے بلکہ پاکستان آرمی نے بھی ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچایا۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ شدید نقصانات کے بعد بھارت کی جانب سے اپنے طیارے پاکستان بھیجنے سے گریز کیا گیا کہیں پاک فضائیہ انہیں تباہ نہ کردے، اس کے بجائے بھارت نے ڈرون بھیجے۔
سینئر صحافی حامد میر کے مطابق بھارت ڈرون بھیج کر پاکستان میں خوف پھیلانا چاہتا ہے، راولپنڈی میں جو ڈرون پاکستان نے گرایا وہ حملہ آور ڈرون تھا اور اس نے فائر بھی کیا تھا، اس حملے کے باعث راولپنڈی میں شیڈول آج ہونے والا پی ایس ایل کا میچ منسوخ کرکے کراچی منتقل کردیا گیا۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ ڈرون کا دوسرا مقصد بے یقینی پھیلا کر قومی یکجہتی کو نشانہ بنانا تھا اور ساتھ ہی وہ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی چیک کرنا چاہتے تھے اور لوکیشن جاننا چاہتے تھے۔
حامد میر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ڈرون گرانے کے بعد بھارت دباؤ میں بھی تھا اور بھارتی وزارت دفاع کو وضاحت کرنا پڑی کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں ڈرون حملوں کے جواب میں یہ اقدام کیا گیا ہے۔
اس سے قل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز گرا چکا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، افواج پاکستان دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمدپور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے تھے۔
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔