سابق مشیرِ قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈرون ہماری تنصیبات کو تلاش کرتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ ہم ڈرون کو فضائیہ کے ذریعے انگیج کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحانہ کارروائی کے بعد قومی سلامتی کمیٹی، وزیرِ اعظم شہباز شریف پہلے ہی جوابی کارروائی سے متعلق بتا چکے ہیں، ہم بھارت کو اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ ہمارے ملک میں من مانی فوجی کارروائی کرے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ بھارت اپنے سیاسی عزائم کےلیے ہمارے بچوں اور فیملیز کو نشانہ بنائے، ہم بھارتی فوجی کارروائیوں کا ردِعمل دیں گے، ان شاء اللّٰہ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو جواب اپنے وقت، طریقے اور اپنی منتخب کردہ جگہ پر دیں گے، صبر اور تحمل سے رہیں، بھارت کو بالکل جواب دیں گے۔
سابق مشیرِ قومی سلامتی نے کہا ہے کہ ہمارے معصوم لوگوں کو مار رہے ہیں اور دنیا کو کہتے ہیں کہ ہم نے دہشت گرد مارے ہیں، یہ ہماری قومی غیرت کا تقاضہ ہے، جو کچھ بھارت نے کیا ہے اس کا ہم جواب دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے ان کو بہت سمجھایا کہ جنگ دونوں کی تباہی کا باعث بن سکتی ہے مگر انہیں یہ بات سمجھ نہیں آئی، بھارتی طیارے گرائے جانے کی تصدیق متعلقہ کمپنی نے بھی کی ہے۔