معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے بھارتی حکومت کی درخواست پر بھارت میں انسٹاگرام پر موجود ’مسلم‘ نامی ایک مشہور پیج کو بلاک کردیا۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ ’مسلم(@Muslim)‘ کے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 6.7 ملین فالوورز ہیں۔
اس اکاؤنٹ کے بائیو میں لکھا کہ یہ اکاؤنٹ مسلم کمیونٹی کی تعمیر اور عقیدے کے بارے میں دوسروں کو آگاہ کرنے اور تمام مسلم ممالک کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق مستند خبریں دنیا تک پہنچانے کےلیے بنایا گیا ہے۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ ’مسلم‘ کے بانی امیر نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی حکومت کے اس اقدام کو ’سنسر شپ‘ قرار دیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ ’مسلم‘ کو بھارت میں بلاک کروانے کا باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا لیکن بھارت میں جو لوگ اس اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو اُنہیں یہ نوٹ موصول ہو رہا ہے کہ ’بھارت میں یہ اکاؤنٹ دستیاب نہیں ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اس مواد کو محدود کرنے کی قانونی درخواست پر عمل کیا ہے‘۔
اس سے پہلے بھارت پاکستان کے نیوز چینلز، انٹرٹینمنٹ چینلز، پاکستانی اداکاروں اور کئی دیگر مشہور پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کر چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جن پاکستانی اسٹارز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں اداکارہ ماہرہ خان، ہانیہ عامر، صنم سعید، اقراء عزیز، بلال عباس خان اور گلوکار علی ظفر شامل ہیں۔