پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر فنکار، اداکار، پروڈیوسر و میزبان فیصل قریشی نے مودی سرکار اور بالی ووڈ فنکاروں کو میزائل حملوں پر شرم دلائی ہے۔
فیصل قریشی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر نئی ویڈیوز شیئر کی ہیں، ان ویڈیوز میں اداکار کو بھارتی حکومت اور بالی ووڈ انڈسٹری کو آڑے ہاتھوں لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فیصل قریشی نے بھارتی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہوش کے ناخن لیں، آپ کو پاکستان سے لڑنے کےلیے کہتا کون ہے؟ اپنی مرضی سے حملے کرتے ہیں اور بعد میں اپنے طیاروں کا بھی نقصان کروا بیٹھتے ہیں۔
انہوں نے ابھینندن کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کو ابھی بھی عقل نہیں آئی ہے، آپ جھوٹا بیانیہ بیچتے ہیں اور اس میں مودی حکومت اور بالی ووڈ فنکار خوب مہارت رکھتے ہیں۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ میڈیا پر مودی حکومت کچھ بھی کہلوالے مگر عام عوام میں بےشمار پڑھے لکھے باشعور لوگ ہیں جو سب اصلیت جانتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ بھارتی فنکاروں پر دباؤ بھی ہوتا ہے، جو بھی نفرت کا بیانیہ پھیلانے والی مودی حکومت کہتی ہے بھارتی فنکار اپنے سوشل میڈیا پر چھاپ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام میں جو کچھ بھی ہوا بھارتی عوام اچھے طریقے سے جانتی ہے، ہم بھی دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں ان حالات سے گزر چکے ہیں، اتنی ڈھٹائی سے بھارتی حکومت جھوٹ بولتی ہے، ہم نے ثبوت مانگے تو ثبوت نہیں دیے اور پھر جب ہم ثبوت پیش کیے تو خاموشی چھا گئی۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہم نے آپ کے 5 جہاز گرائے ہیں، آگے خیال رکھیے گا، پاگل نہ بنائیں نہ ہی ہمیں اور نہ ہی اپنی عوام کو۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب میں بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات کو میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔
دفاعی کارروائی کے دوران پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
پاکستان نے بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بھارتی فضائیہ کے پانچ طیاروں کو مار گرایا جن میں تین رافیل طیارے شامل ہیں۔
اب بین الاقوامی میڈیا بھی اس بات کے ثبوت پیش کر چکا ہے کہ ہندوستان کے تین رافیل جہاز تباہ ہوئے تھے۔
ایک اعلیٰ فرانسیسی انٹیلی جنس حکام نے سی این این کو بتایا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے ایک رافیل لڑاکا طیارے کو مار گرایا جو فرانس میں تیار کردہ اس جدید جنگی طیارے کا پہلی بار جنگ میں تباہ ہونے کا واقعہ ہے۔