کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائیلی روسو اور حسن نواز کی سنچریوں اور محمد عامر کے جارحانہ اسپیل کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو109 رنز کی بڑی شکست دے دوچار کردیا۔ کوئٹہ کے تین وکٹ پر236 کے جواب میں ناکام ٹیم 154رنز بناکر آئوٹ ہوگئی محمد عامر نے دو اوورز کے پہلے اسپیل میں چھ رنز دے کر تین وکٹ لئے ۔ پانچ مسلسل میچ جیتنے والی اسلام آباد کی ٹیم کو لگاتار چوتھی شکست کے بعد پلے آف میں جانا مشکل ہوسکتا ہے۔محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں اسلام آباد کے اوپنرز کائل ملز صفر اور صاحبزادہ فرحان کو ایک رن پر آئوٹ کرکے سنسنی پھیلا دی۔ محمد شہزاد 24، کپتان سلمان آغا ، اعظم خان اور حیدر علی 6،6 ، جیسن ہولڈر تین رنز بناسکے۔ قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 وکٹ پر 236 رنز بنائے۔ یہ لیگ کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ پہلی بار پی ایس ایل کے ایک میچ میں دو سنچریاں بنیں۔ کپتان سعود شکیل 23 اور فن ایلن 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد رائیلی روسواور حسن نواز نے 134 رنز کی بڑی شراکت قائم کی، اس دوران رائیلی نے پی ایس ایل میں اپنی تیسری سنچری اسکور کی، وہ 46 گیندوں پر 104رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ روسو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیر ملکی ہیں۔حسن نواز نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگاکر اپنی پہلی سنچری مکمل کی،100رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔