منگھوپیر کے علاقے الغازی ولاز کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
ایس ایچ او منگھوپیر عمران خان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 56 سالہ نذیر احمد کے نام سے کی گئی جو کہ بفرزون کے بی آر سوسائٹی کا رہائشی تھا اور پولیس سیکیورٹی ٹو سے 2019 میں ریٹائر ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول کے بھانجے نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ماموں کا پلاٹ کے مسئلے پر کسی سے تنازع چل رہا تھا اور انہیں کسی نے فون کر کے منگھوپیر نورانی ہوٹل بلایا تھا۔ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے چلتی ہوئی موٹر سائیکل پر عقب سے دو گولیاں ماری تھیں جس میں ایک کمر پر جبکہ دوسری کاندھے کے قریب لگی تھی۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا ایک خول ملا ہے ، مقتول کے پاس سے اس کی لائسنس یافتہ پستول، دونوں موبائل فونز، موٹر سائیکل اور پرس بھی ملا ہے۔
تاہم ابتدائی تفتیش میں قتل کی واردات ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے موبائل فون پر آنے اور کی جانے والی کالز کا ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے ۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔