اسرائیلی فضائیہ کے یمنی دارالحکومت صنعا پر شدید فضائی بمباری میں 3 افراد شہید اور 38 زخمی ہوگئے۔ بمباری سے ہوائی اڈے سمیت تین بجلی گھر تباہ ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے یمنی دارالحکومت صنعا پر 20 فضائی حملے کرکے حوثی اکثریتی جماعت انصاراللہ کے دس سے زائد اسٹرٹیجیک ٹھکانوں کو تباہ کر دیا، جن میں صنعا ہوائی اڈہ شامل ہے جسے مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا۔
صنعا اور ملحقہ علاقوں میں قائم تین بجلی گھروں، ایوی ایشن اکیڈمی اور سیمنٹ فیکٹری سمیت باغیوں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
دراثناء حوثی اکثریتی جماعت کے عہدیدار نے صنعا میں بمباری پر مختصر تبصرہ کرتے ہوئے کہا اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کی، اب جوابی کارروائی کا انتظار کرے۔
اس سے قبل اسرائیلی فضائیہ نے یمن کے الحدیدہ بندرگاہ پر شدید بمباری کی۔
عرب ٹی وی کے مطابق الحدیدہ پر بمباری میں 30 سے زائد اسرائیلی جنگی طیاروں نے حصہ لیتے ہوائے پچاس کے قریب بم برسائے۔
یاد رہے کہ حوثی اکثریتی باغیوں نے اتوار کے روز اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ میزائل کامیابی کے ساتھ ہوائی اڈے کے قریب جاگرا۔ جس سے زمین میں بڑا گڑھا بن گیا۔