پاکستان کے سینئر اداکار اور ہدایتکار شہود علوی نے اپنی دوسری بیٹی رخصت کر دی، عریجہ علوی کی شادی اور ولیمے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر چھا گئیں۔
شہود علوی کی زندگی کا ایک یادگار لمحہ، جب ان کی چھوٹی بیٹی عریجہ علوی دلہن بن کر اپنے نئے گھر روانہ ہوئیں، اپنی جذباتی طبیعت اور بیٹیوں سے محبت میں ڈوبے شہود علوی نے یہ لمحات مداحوں کے ساتھ بھی شیئر کیے۔
عریجہ علوی نے بارات کے موقع پر گہرے سرخ رنگ کا خوبصورت غرارہ زیب تن کیا، جو خالصتاً مشرقی روایات کی جھلک پیش کرتا تھا جبکہ شہود علوی کی آنکھوں میں جذبات کا سمندر چھپا ہوا تھا۔
ولیمے کی تقریب میں عریجہ نے آئس بلو رنگ کا نفیس لباس پہنا جس میں وہ کسی شہزادی کی طرح دلکش لگ رہی تھیں۔
شہود علوی نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کے ولیمے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بیٹیاں اللّٰہ کا انمول تحفہ ہوتی ہیں اور جب وہ رخصت ہوتی ہیں تو باپ کا دل بھی ساتھ لے جاتی ہیں۔
رخصتی کی ویڈیو میں شہود علوی جذبات سے لبریز آواز میں کہتے ہیں کہ کہا جاتا ہے کہ بیٹیوں والے باپ خوش قسمت ہوتے ہیں، مگر ان کی رخصتی کا دکھ ناقابلِ بیان ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر جاری اس ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لیے۔