TEHRAN/ WASHINGTON:
امریکا اور ایران کے درمیان شیڈول مذاکرات کا چوتھا دور ملتوی کردیا گیا ہے اور ایرانی عہدیدار نے امریکی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی تاریخ کا انحصار امریکا کے رویے پر ہوگا۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کو روم میں شیڈول مذاکرات کا چوتھا دور ملتوی کردیا گیا ہے اور اگلی تاریخ امریکا کے رویے پر منحصر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جوہری مذاکرات کے دوران امریکی پابندیاں دونوں ممالک کو جوہری تنازع سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے میں معاون نہیں ہو رہی ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ مذاکرات کی اگلی تاریخ کا اعلان امریکا کے رویے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے ابتدائی طور پر ثالثی کرنے والے عمان کے حکام نے بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 3 مئی کو شیڈول مذکرات لاجسٹک وجوہات پر دوبارہ شیڈول کردیے جائیں گے۔
رائٹرز کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے واقف ذرائع نے بتایا کہ امریکا نے روم میں شیڈول مذاکرات کے چوتھے دور کے لیے شرکت یقینی بنانے کی تصدیق نہیں کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کے لیے اگلی تاریخ اور مقام کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی لیکن مستقبل قریب میں امکان ہے۔
قبل ازیں ایران نے امریکا پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کا رویہ تضادات اور اشتعال انگیزی بیانات پر مبنی ہے جبکہ اس سے قبل امریکا نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ یمن کے حوثیوں کے ساتھ تعاون کے نتائج ہوں گے اور جوہری مذاکرات کے دوران ہی ایران پر تیل کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔