لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں رات کو تیز آندھی اور بارش نے گرمی کی شدت کم کردی، آندھی سے لیسکو ریجن میں درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے اور لاہور سمیت متعدد نواحی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
لاہور میں کئی دن سے جاری گرمی کی لہر کے بعد رات کو تیز آندھی چلی اور ہر طرف گردوغبار چھا گیا۔
تیز گرد آلود ہواؤں کے ساتھ پہلے ہلکی پھر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے گردوغبار اور گرمی کی شدت کم ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کےعلاقے میں آندھی کی رفتار 100کلو میٹر فی گھنٹہ رہکارڈ کی گئی۔
واسا کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ایئر پورٹ پر 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق لاہور اور گردونواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
قصور، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، شیخوپورہ اور قصور سمیت گرد ونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، لیسکو ریجن میں متعدد جگہوں پر بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے۔
لیکسو ترجمان کا کہنا ہے کہ ریجن بھر میں تیز ہوا اور بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 2169 فیڈرزمیں سے295فیڈرز پر سپلائی متاثر ہوئی ہے، بارش رکتے ہی بند ہونیوالے فیڈرز پر بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تمام سرکل اور ڈویژن میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان نے تنبیہ کی کہ دوران بارش اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔