سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کا کہنا ہے کہ پانی کے مسئلے پر تو دیہاتوں میں لوگ قتل ہوجاتے ہیں، ہم کیسے خاموش رہیں گے، پانی روکنے کےلیے 15 سے 20 سال چاہیے ہوتے ہیں، یہ کوئی نلکا تو نہیں کہ آپ بند کر دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید قصوری نے کہا کہ بھارت دہشتگردی کا اتنا شور مچا رہا ہے لیکن ثبوت تو ایک بھی نہیں دیا، کل آئی ایس پی آر نے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے ثبوت دیے ہیں، دنیا دیکھے گی اصل میں بھارت دہشت گردی کا گڑھ ہے۔
خورشید محمود قصوری نے مزید کہا کہ بھارت دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کر رہا ہے، کینیڈا کی مثال سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کا پاکستان کے ساتھ تعاون ہر گزرتے وقت کے ساتھ بڑھا ہے، اسی لیے بھارت کا غصہ آج کل چین اور ترکیہ پر زیادہ ہے۔ چین کا بیان خود ہی بتا رہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کی قیادت کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے۔