بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے کہا ہے کہ ہیرو نمبر ون کو ہنسانا آسان نہیں، لیکن ان کو سب سے زیادہ میں ہنساتی ہوں۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار گووندا نے 80 اور 90 کی دہائی میں ہیرو نمبر ون، راجا بابو، دل والا اور پارٹنر جیسی سپر ہٹ فلموں سے لاکھوں دل جیتے، ان دنوں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق خبروں میں ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم حالیہ انٹرویو میں سنیتا نے نا صرف ان افواہوں کو غلط ثابت کیا بلکہ یہ بھی انکشاف کیا کہ گووندا کو سب سے زیادہ وہی ہنساتی ہیں۔
سنیتا آہوجا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ گووندا جی کو میری ہنسی، میرا نیچر بہت پسند ہے، جتنا وہ عوام کو ہنساتے ہیں، اس سے کئی گنا زیادہ میں انہیں ہنساتی ہوں اور یہ بات گووندا خود بھی کہہ چکے ہیں۔
انٹرویو میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ایک دوسرے سے سچی محبت کرتے ہیں اور یہی ہماری رشتے کی بنیاد ہے۔
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی کو تقریباً 40 سال ہو چکے ہیں۔