نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ این آئی آر سی اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے کانفرنس کل ہو گی۔
قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ این آئی آر سی اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے یکم مئی 2025 کو کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
اس کانفرنس کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس سے آجر اور اجیر کے فاصلے کم ہوسکیں اور تعلقات کی بہتری کا ماحول فراہم ہوسکے، 1969 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایسی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، امید ہے کہ یہ ایونٹ بہت کامیاب ثابت ہوگا۔
یکم مئی کو یوم مزدور کی مناسبت سے بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن اور نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنس میں مزدوروں کے حقوق اور قوانین زیر بحث آئیں گے۔ چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت صدیقی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کانفرنس سے آجر اور اجیر کے درمیان روابط اور مزدور کے حقوق پر بات ہو گی۔ انھوں نے کہا کانفرنس میں قوانین اور انسانی حقوق پر بات ہو گی۔
عالمی لیبر کانفرنس کے انعقاد سے متعلق آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر گئیر تھامس ٹونسٹول کا کہنا ہے کہ مزدوروں کے حقوق بنیادی طور پر انسانی حقوق ہیں جن سے آگاہی اور عمل سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا اس وقت دنیا کو عدم مساوات کا سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی کے بدلاؤ کے بعد حکومت، سرمایہ کار اور مزدوروں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔
عالمی لیبر کانفرنس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ اور چوہدری سالک حسین سمیت آئی ایل او کا وفد شریک ہو گا۔ کانفرنس میں لیبر قوانین اور عدالتی امور پر سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن سمیت جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے اظہار خیال کرینگے۔
کانفرنس میں بیرسٹر ظفر اللہ خان، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار سلمان منصور، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر راشد محمود بھی شریک ہونگے۔
چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت صدیقی کے مطابق کانفرنس آجر اور اجیر کے درمیان روابط اور مزدور کے حقوق کیلئے بہت اہم ثابت ہوگی۔