کراچی:
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما عمر ایوب کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیا ہے۔ اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے عمر ایوب کو موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ “عمر ایوب وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں۔”
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ عمر ایوب کی وفاداریاں ہمیشہ بدلتی رہی ہیں اور وہ نہ صرف سندھ بلکہ اپنے قائد عمران خان سے بھی مخلص نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “سندھ تو دور کی بات، عمر ایوب عمران خان سے ہی سچے نہیں۔”
پیپلز پارٹی کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ عمر ایوب اس وقت پی ٹی آئی کے اندر اپنا علیحدہ گروپ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ وہ پارٹی کے اندر اپنی اہمیت بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ “عمر ایوب جیسے پی ٹی آئی کے کچھ لیڈران مسلسل دعاگو ہیں کہ ان کی پارٹی کے بانی ہمیشہ جیل میں رہیں اور وہ اپنی دکان چمکاتے رہیں۔”
شرجیل میمن نے پیپلز پارٹی کی خدمات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ملک کو آئین، ایٹمی قوت، میزائل ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر شناخت پیپلز پارٹی نے ہی دی ہے۔