ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعے کو 7 دن ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک الزامات کے کوئی ثبوت نہیں پیش کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے، 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبد المجید کو جہلم کے قریب سے پکڑا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ دہشت گرد کے گھر سے بھارتی ساختہ ڈرون اور 10 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس دہشت گرد عبد المجید کا ہینڈلر بھارت کا ایک فوجی ہے، اس ہینڈلر کی گرفتار ہونے والے دہشت گرد کی گفتگو بھی سامنے آئی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے یہ بھی کہا کہ 7 دن ہوگئے ہیں، بھارت کی طرف سے صرف زبانی جمع خرچ چل رہا ہے جبکہ ہم آپ کے سامنے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکمل ثبوت پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ جو دہشت گرد گرفتار کیا گیا ہے، اُس نے پاکستان میں دہشت گردی کی چار وارداتیں کی ہیں، گرفتار شخص کے موبائل فون سے بھارت میں ہوئی بات چیت پکڑی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، یہ آئی ای ڈیز ڈرون کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارتی دہشت گردی کا صرف ایک ثبوت ہے، گرفتار دہشت گرد عبد المجید اکیلا نہیں تھا، اس کے ساتھ اور بھی لوگ ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد عبد المجید کو بھارتی فوج کی جانب سے قسطوں میں رقوم بھیجی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں مختلف وارداتیں کیں، تمام ثبوت بتاتے ہیں کہ بھارت سرحد پار سے ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔