پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے ساتھی فنکاروں بالخصوص اداکار فواد خان اور اداکارہ ہانیہ عامر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گزشتہ ہفتے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کو دشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کے بعد جہاں مختلف عالمی رہنماؤں اور معروف شخصیات کی جانب سے مذمت کی گئی وہیں اداکار فواد خان اور اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی اس دہشتگردی کے خلاف مذمتی بیان جاری کیا۔
تاہم نادیہ خان نے اداکار فواد خان اور اداکارہ ہانیہ عامر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان فنکاروں کی حب الوطنی اور وفاداری پر سوال اٹھا دیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے 5 منٹ کے اندر اندر بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کر دیا کہ دہشتگرد کارروائی پاکستان کی جانب سے کی گئی ہے، جبکہ اس واقعے کے گھنٹوں بعد فواد خان کی جانب سے انسٹااسٹوری آئی جس میں انہوں نے اس واقعے کی مذمت کی جو بہت اچھی بات ہے لیکن اس کے ساتھ وہ (فواد خان) پاکستان کے بارے میں بات کرنا بھول گئے، ہانیہ عامر نے بھی پاکستان کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔
اداکارہ کے مطابق اس پر سب کو بہت تکلیف ہے کیونکہ یہ سیاسی معاملہ، ملکی سالمیت کا معاملہ ہے کیسے آپ آدھی بات کی مذمت کرسکتے ہیں؟ کیا فواد خان کو اس بات پر تکلیف نہیں ہوئی کہ وہ ہمارا پانی رُک رہے ہیں، ہم پر الزام لگا رہے ہیں، ہم پر جنگ مسلط کرنے کو کوشش کر رہے ہیں؟
نادیہ خان نے کہا، “اس کے باوجود ان فنکاروں کو بھارت کی جانب سے بھی جواب مل گیا ہے کہ وہ وہاں بین ہیں۔”