طویل عرصے سے اسکرین سے دور رہنے والی پاکستان کی معروف اداکارہ، کامیڈین و ماڈل وینا ملک اپنی نئی البم کے ساتھ گلوکاری کے میدان میں قدم جمانے کےلیے تیار ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے اپنی البم ’سوہنے مکھڑے‘ ریلیز کی ہے تاہم اس البم کے گانے ’یار دا محلہ‘ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔
چند دن قبل ریلیز ہونے والے گانے کی ویڈیو کو یوٹیوب پر اب تک 3 لاکھ سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔
اس گانے کے بول قیصر ندیم نے لکھے ہیں اور موسیقی تابش تافو کی ہے جبکہ صائم عزیر نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ وینا ملک نے اپنی البم کے لیے گلوکار صائم عزیر کے ہمراہ اشتراک کیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب وینا ملک گلوکاری میں قسمت آزما رہی ہوں بلکہ اس سے قبل انہوں نے اپنا پہلا گانا ’ڈرامہ کوئن‘ 2012ء میں اور پھر 2017ء میں ’اے دشمنِ وطن‘ بھی ریلیز کر چکی ہیں۔