مغربی کھانے انسان کے امراضِ قلب اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا باعث بن سکتے ہیں۔
میڈیکل نیوز ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مغربی کھانے پراسسڈ فوڈ پر مشتمل ہوتے ہیں اور انسان کے جسم میں دائمی سوزش کو نمایاں طور پر بڑھا سکتے ہیں۔
مغربی کھانوں کے انسان کی صحت پر اثرات جاننے کےلیے ریڈباؤڈ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر اور کلیمنجارو کرسچن میڈیکل یونیورسٹی کالج کے محققین نے مل کر تحقیق کی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روایتی افریقی کھانوں کے مقابلے میں مغربی کھانے صرف 2 ہفتوں میں ہی انسان کے جسم میں دائمی سوزش کو بڑھا سکتے ہیں جس کی وجہ سے مدافعتی نظام اور میٹابولزم متاثر ہوگا۔
اس کے برعکس، روایتی افریقی کھانے سوزش میں کمی لانے میں فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔
یہ تحقیق اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ پراسسڈ فوڈ کے مقابلے میں روایتی کھانے جیسے کہ روایتی افریقی کھانے، میڈیٹیرین فوڈ اور لاطینی امریکا کے روایتی کھانے جو کہ بنیادی طور پر سبزیوں پر مشتمل ہوتے ہیں صحت کےلیے زیادہ مفید ہیں اور انسان کے مخصوص طرز زندگی سے منسلک بیماریوں جیسے کہ امراضِ قلب اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔