کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) تھائی لینڈ میں بھارتی باکسر ایسوران کے خلاف دومنٹ میں شاندار ناک آؤٹ فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستانی باکسر اور ایس ایس یو کے برانڈ ایمبیسیڈر عثمان وزیر کراچی پہنچ گئے، قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ایئرپورٹ پر ایس ایس یو کے کمانڈوز کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ معروف سماجی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں ۔ عثمان وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے اپنے ملک کا نام روشن کیا، پاکستان کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔