36 C
Lahore
Tuesday, April 29, 2025
ہومغزہ لہو لہوحجاج کرام کو لے کر پہلی حج پرواز سعودی عرب روانہ، وفاقی...

حجاج کرام کو لے کر پہلی حج پرواز سعودی عرب روانہ، وفاقی وزیر مذہبی امور نے الوداع کیا



اسلام آباد:

پاکستان سے حج 2025 کی پہلی پرواز حجاج کرام کو لے کر سعودی عرب روانہ ہو گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر حج امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور انہیں “روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس منصوبے کے تحت امیگریشن کا پورا عمل پاکستان میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد حجاج کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں: منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کیلئے نئی آرام گاہیں بنانے کا فیصلہ

عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج اس مقام پر موجود ہونا میرے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ ہم اللہ کے مہمانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے حجازِ مقدس روانہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج سعودی عرب میں نہ صرف اللہ کے مہمان ہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بھی ہیں، اس لیے سعودی قوانین، ثقافت اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود بھی جلد سعودی عرب جا کر انتظامات کا جائزہ لیں گے اور حجاج کرام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت نے وی آئی پی حج کی سہولت دینے کی پیشکش کی تھی لیکن میں نے اپنے حجاج کے درمیان رہنے کو ترجیح دی۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ اس سال کے حج انتظامات سابقہ ادوار سے مختلف ہوں گے اور بہتری کا واضح فرق نظر آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جن میں ہر حاجی کو ایک سم اور موبائل ایپ فراہم کی جا رہی ہے جس کی مدد سے منیٰ میں راستہ بھٹکنے کی صورت میں رہنمائی حاصل کی جا سکے گی۔

مزید پڑھیں: گرمیوں کے حج سے چھٹی! سعودی اعلان نے حجاج کو خوش کر دیا

انہوں نے حاجیوں سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں کیونکہ دعاؤں میں بڑی تاثیر ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال اسلام آباد اور کراچی سے 50 ہزار سے زائد عازمین “روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت روانہ ہوں گے۔ آئندہ سال اس سہولت کو دیگر شہروں تک بھی توسیع دینے کی کوشش کی جائے گی۔

آخر میں سردار محمد یوسف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکر ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون اور بہترین انتظامات کو سراہا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات