ڈپٹی وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا عالمی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، اس دوران انہوں نے خطے کی تازہ صورتحال اور بھارتی الزامات سے متعلق برطانوی ہم منصب کو آگاہی دی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا بےبنیاد پراپیگنڈا اور یکطرفہ اقدامات خطے کے امن کےلیے خطرہ ہیں، بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا عالمی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کےلیے پُرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی آزادانہ اور شفاف تحقیقات میں حصہ لینے کےلیے تیار ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے مسائل کے پُرامن حل اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا، اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار اور ڈیوڈ لیمی نے صورتحال پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔