حیدرآباد:
حیدرآباد کے ٹنڈویوسف قبرستان میں لاوارث میتوں کی تدفین کرنے والے ایدھی رضاکاروں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایدھی فاؤنڈیشن کے گورکن اور غسل دینے والے کارکن زخمی ہوگئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کرنے والوں میں قبرستان کے گورکن بھی شامل تھے۔
ایدھی کے انچارج حیدرآباد زون معراج احمد نے بتایا کہ حملہ آوروں نے نہ صرف رضاکاروں پر تشدد کیا بلکہ انہیں دھمکی بھی دی کہ اگر آئندہ لاوارث میت کی تدفین کے لیے قبرستان لایا گیا تو ان کو جان سے مار دیا جائے گا۔
اس واقعے میں ایدھی کے گورکن امجد بھٹو اور غسل دینے والے کارکن ذیشان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حملہ آور شرپسند عناصر کی حمایت حاصل کر رہے تھے اور ان میں بعض قبرستان کے گورکن بھی شامل تھے، جو رضاکاروں کو تدفین کے عمل سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انچارج معراج احمد نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور ایس ایس پی حیدرآباد سے فوری مداخلت اور کارروائی کی اپیل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایدھی فاؤنڈیشن کو اس واقعے کے بعد مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا گیا اور کسی بھی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا تو آئندہ ایدھی فاؤنڈیشن کسی بھی لاوارث میت کو تدفین کے لیے اپنی تحویل میں نہیں لے گا۔