کراچی:
نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیاں لگنے سے شہریوں کے زخمی ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گھروں کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے خاتون اور کسمن بچہ زخمی ہوگیا اور لانڈھی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
کراچی کے علاقے قائد آباد میں طیبہ مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں خاتون زخمی ہوگئیں جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت 48 سالہ زبیدہ کے نام سے کی گئی۔
قائد آباد پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر لگنے کا بتایا جارہا ہے، جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن بجلی نگر کے قریب گھر کے اندر فائرنگ سے 5 سالہ راز محمد زخمی ہوگیا، جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔
چھیپا حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا اور پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا لانڈھی سی ون ایریا میں فائرنگ سے 50 سالہ خاتون زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، چھیپا کے حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ محلے میں جھگڑے کے دوران کی گئی فائرنگ سے پیش آیا ہے اور خاتون کو کمر پر گولی لگی ہے۔