خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 15 خوارج مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات آپریشنز میں ضلع کرک میں 8، شمالی وزیرستان میں 4 اور جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں 3 خوارج مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے، جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں خوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان شہید ہو گئے۔
28 سال کے لانس نائیک عثمان مہمند شہید کا تعلق چارسدہ اور 26 سال کے سپاہی عمران خان شہید کا تعلق ضلع کُرم سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔