پشاور:
بھارتی جارحیت اور یکطرفہ متنازع اقدامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اس بار چائے فنٹاسٹک نہیں ، کڑوی اور ناقابلِ برداشت ہوگی۔
اپنے بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف فسطائیت قابل مذمت ہے۔ بھارت اپنے اسکرپٹڈ ڈرامے میں معصوم کشمیریوں پر ظلم ڈھانے سے گریز کرے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ مودی سرکار اپنی فاشسٹ سوچ کے تحت پورے برصغیر کو آگ میں جھونکنے کے درپے ہے۔ بھارت کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام سے باز رہے، ورنہ پاکستانی قوم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے۔
انہوں نے بھارت کو ماضی کی شرمناک اور تلخ یاد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس بار چائے ’’فنٹاسٹک‘‘ نہیں بلکہ کڑوی اور ناقابلِ برداشت ہوگی۔ بھارت نے اگر کوئی حرکت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔پاکستان دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان خیبر پخونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔ عمران خان کی رہائی کے بغیر قومی یکجہتی ناممکن ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔