اسلام آباد:
190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں۔
ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف 30 اپریل کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھیں ہیں ۔ 17 جنوری کے فیصلے کے خلاف 27 جنوری کو اپیلیں فائل ہوئی تھیں اور 17 اپریل کو کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواستیں عدالت نے منظور کرلی تھیں۔
190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال جب کہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید و جرمانہ کی سزا ہوئی تھی ۔ احتساب عدالت نے فیصلہ 17 جنوری کو سنایا تھا۔