پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر واقعے کا پاکستان پر الزام قبل از وقت لگایا۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر واقعے کے چند منٹ کے اندر ہی بھارت نے الزامات لگائے، بھارت کا ثبوت کے بغیر پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانا افسوسناک ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں کے ضیاع اور پاکستان میں بڑھتے دہشت گرد حملوں پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی بات چیت ہی مسائل کا حل ہے، لڑائی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ منگل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک اور 12 زخمی ہوئے تھے۔