سرینگر (اے ایف پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے جمعہ کو دو کشمیریوں کے گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ان لوگوں کے بارے میں قابض فورسز کا کہنا ہے کہ وہ اس گروہ میں شامل تھے جو پہلگام حملے میں ملوث ہے۔ ہندوستانی سیکورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں 26 افراد کو ہلاک کرنے کے ذمہ داروں کو تلاش کررہی ہے۔ بھارتی سیکورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ پہلگام حملے میں ملوث افراد لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ارکان ہیں اور لشکر طیبہ کو اقوام متحدہ نے دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ بھارتی سیکورٹی فورسز نے تین افراد کے خاکوں کے ساتھ پوسٹر بھی جاری کئے ہیں جس میں ہندوستانی شہری عادل حسین ٹھوکر، علی بھائی اور ہاشم موسیٰ شامل ہیں۔ بھارتی فوج ایک بھارتی شہری آصف شیخ کو بھی تلاش کر رہی ہے۔