معروف پاکستانی اسکرین رائٹر، ہدایت کار، اردو شاعر اور موسیقار خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا ہے کہ شوبزانڈسٹری میں کوئی کسی کا بہترین دوست نہیں ہوتا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں نجی ٹی وی خصوصی ٹرانسمیشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں نہ کوئی میرا بہترین دوست ہے اور نہ ہی بہترین دوست انڈسٹری میں پائے جاتے ہیں، سب دوستیاں کام کی حد تک ہوتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے زندگی کی سب سے بڑی غلطی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہیثم حسین کو بطور ڈائریکٹر لیا، یہ میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
خلیل الرحمٰن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے نہیں لگتا ہے کہ آج تک میں کسی پر بھی تنقید کر کے پچھتایا ہوں۔
مردوں کو مشورہ دینے کے سوال پر خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ میرا مردوں کو مشورہ ہے کہ مرد بنیے، آج کل مردوں میں، مردوں کو ڈھونڈنا بہت مشکل ہو گیا ہے، جو مرد شادی سے قبل لڑکی کی تنخواہ پوچھتے ہیں وہ مرد نہیں ہیں۔
ان کا خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ میں بار بار کہتا ہوں کہ خواتین کی ذمے داری مردوں سے زیادہ ہے، عورتیں مردوں سے زیادہ معاشرہ چلاتی ہیں۔