بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے 90 کی دہائی کی یادیں تازہ کر دیں۔
کرشمہ کپور نے اپنی مشہور فلم دل تو پاگل ہے کے مشہور گانے لے گئی لے گئی پر رقص کیا، ان کی اس شاندار پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ایونٹ میں کرشمہ کپور نے ناصرف اپنے دلکش انداز سے سب کو متاثر کیا بلکہ اپنی جاندار پرفارمنس سے مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔
50 سالہ اداکارہ نے ایونٹ میں ایک خوبصورت سبز رنگ کے لباس میں شرکت کی، جس میں ایک ہلکے رنگ کا بلاؤز، ایپل گرین سیٹن اسکرٹ اور اسی رنگ کا لمبا کوٹ شامل تھا، ان کا یہ منفرد فیشن اسٹائل اور پرجوش رقص دیکھنے والوں کو دہائیوں پیچھے لے گیا۔
یاد رہے کہ دل تو پاگل ہے 1997ء میں یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں کرشمہ کپور نے شاہ رخ خان اور مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کو 3 نیشنل فلم ایوارڈز بھی حاصل ہوئے تھے، جس میں بہترین معاون اداکارہ (کرشمہ کپور)، بہترین کوریوگرافی (شیمک داور) اور بہترین تفریحی فلم کا ایوارڈ شامل ہے۔
اس دل کو چھو لینے والی پرفارمنس نے مداحوں کو ایک بار پھر 90ء کی خوبصورت فلمی دنیا کی سیر کروا دی ہے اور ثابت کیا کہ کرشمہ کپور آج بھی اپنی دلکشی، فن اور توانائی سے اسٹیج پر راج کر سکتی ہیں۔