پاکستان کے معروف اداکار و ماڈل شہزاد نور نے انکشاف کیا ہے کہ ماڈلنگ کے دوران آپ اچھی خاصی کمائی کر لیتے ہیں۔
ماڈل شہزاد نور نے حال ہی میں جیو پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے ڈائیٹ پلانز، فٹنس، صحت اور باڈی بلڈنگ سے متعلق کھل کر بات کی۔
انٹرویو کے دوران شہزاد نور نے پروٹین شیک سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پروٹین شیک بہت بڑا فراڈ ہے، میں بھی اس فراڈ کا حصہ بن چکا ہوں، یہ صرف ایک ذہنیت ہے اس سے بڑھ کر یہ کچھ نہیں ہے، اس میں صرف کیمیکلز ہوتے ہیں، میں نے اب ڈبہ پیک چیزیں کھانا چھوڑ دی ہیں۔
ماڈلنگ کیریئر سے متعلق سوال کے جواب میں شہزاد نور نے بتایا کہ ماڈلنگ کے لیے پہلے بڑے قد کے افراد کو چنا جاتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہے، اب سوشل میڈیا پر فالوونگ کی بنیاد پر بھی لوگ ماڈل بن جاتے ہیں اور برانڈز بھی انہیں بطور ایمبیسڈر رکھ لیتے ہیں۔
کمائی سے متعلق سوال کے جواب میں شہزاد نور نے کہا کہ میں صرف اپنے پیشن کے لیے ماڈلنگ کر رہا ہوں، میں پیسہ نہیں دیکھتا میں صرف کام دیکھتا ہوں اور اگر پیسوں کی بات کی جائے تو آپ ماڈل بنیں تو پیسے آ ہی جاتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماڈلنگ کے بعد آپ ڈرامے اور فلمیں کر کے بھی پیسے کما سکتے ہیں۔