(ویب ڈیسک) لاہورجنرل ہسپتال میں پولیو ویکسینیشن کیلئے 7ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اورپرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے بچوں کو قطرے پلائے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بیماروں کا علاج معالجہ اور دکھی انسانیت کی خدمت اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے مقدس پیشہ ہے اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ جس نے کسی انسان کی جان بچائی،گویا اُس نے تمام انسانوں کی جان بچائی اس لیے ہیلتھ پروفیشنلز کو اپنے آپ کو اس پس منظر میں رکھتے ہوئے مریضوں کی خدمت کرنی چاہیے تاکہ وہ اس بے لوث خدمت کے بدلے میں اللہ تعالیٰ کے مقرب بندوں میں شمار ہوں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیااور نومولود بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے،انہوں نے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دن میں دو مرتبہ شعبہ ایمرجنسی کا راؤنڈ کریں اور رپورٹ ایم ایس کو بھجوائیں تاکہ مسائل کا فوری تدارک کیا جا سکے۔ ایم ایس پروفیسر فریاد حسین،ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر یحییٰ سلطان،ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنڈنٹنڈنٹ فضیلت لعل، ڈاکٹر انعم بتول، ڈاکٹر جنید امجد، ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت ڈاکٹرز،اورنرسز بھی اس موقع پرموجود تھے۔
ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے پرنسپل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شعبہ حادثات میں 25671مریضوں کو بغیر پرچی فیس علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی گئیں،نیز پولیو مہم کے پہلے تین روز میں ہسپتال میں 1299بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لئے ایل جی ایچ میں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے7کاؤنٹرز بھی موجود ہیں۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اس موقع پرکہا کہ پولیو مہم ابھی مزید چار دن جاری رہے گی لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ اس ویکسین سے محروم نہ رہے اور نو نہالوں کو مستقل معذوری سے بچایا جا سکے، پولیو سے معذور ہونے والے بچے نہ صرف مذکورہ خاندان کے لئے بہت بڑا صدمہ اور معاشی مسائل کا سبب ہوتے ہیں بلکہ یہ افراد ملکی تعمیر و ترقی اور اپنے خاندان کی بھی مدد نہیں کر پاتے یہ خود بھی دوسروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ نومولود بچوں کے پہلے حق کے طور پر انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ اُن کی صحت کے تحفظ کے لئے والدین کی جانب سے یہ اُن کے لئے پہلا تحفہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ترکیہ کا دارالحکومت استنبول زلزلے سے لرز اٹھا
مزید برآں پروفیسر الفرید ظفر نے ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کی خیریت سمیت ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا،اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کوبہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور دستیاب وسائل سے اُن کیلئے مزید آسانیاں پید ا کی جائیں۔