بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں دہشت گرد حملے کے بعد سعودی عرب کا دورہ مختصر کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے جدہ سے نئی دہلی کے لیے واپسی کے سفر میں پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے متبادل راستہ اختیار کیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق منگل کی صبح جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ریاض جا رہے تھے تو ان کا طیارہ ’ایئر انڈیا ون‘ پاکستانی فضائی حدود سے گزرا، تاہم بدھ کے روز واپسی پر بھارتی فضائیہ کے بوئنگ 777-300 طیارے نے بحیرہ عرب کے اوپر سے طویل راستہ اختیار کیا اور گجرات کے راستے دہلی واپس پہنچا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت واپس پہنچنے کے بعد نریندر مودی نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور خارجہ سیکریٹری وکرم مسری کے ساتھ ایئرپورٹ پر ہنگامی میٹنگ کی جبکہ کیبنٹ کمیٹی برائے سیکیورٹی (سی سی ایس) کا اجلاس آج شام 6 بجے ہوگا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سیاح ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے، جن میں سے 26 ہلاک افراد کی تصدیق شدہ فہرست جاری کردی گئی ہے۔