(ویب ڈیسک) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (CCP) نے نشاط ہنڈائی موٹرز پر گمراہ کن اشتہاری مہم چلانے پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی 2020 میں ہنڈائی ٹکسن (Hyundai Tucson) کے دوران کی گئی مارکیٹنگ مہم پر کی گئی جسے کمیشن نے “بے ایمانی پر مبنی” قرار دیا ہے, CCP کی تحقیقات کا آغاز ہنڈائی کے اُس فیس بک لائیو ایونٹ کے بعد ہوا جس میں ٹکسن کی “ابتدائی قیمت” کے طور پر GLS/FWD ماڈل کے لیے 48,99,000 روپے اور ULTIMATE/AWD ماڈل کے لیے 53,99,000 روپے کی قیمت متعارف کرائی گئی تھی تاہم تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ قیمتیں صرف چند گھنٹوں کے لیے نافذ رہیں اور “محدود مدت کے لیے” کی وضاحت نہایت چھوٹے اور غیر واضح الفاظ میں کی گئی تھی, بکنگ کھلنے کے فوراً بعد ہنڈائی نے گاڑی کی قیمت میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا اور اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا سے پرانی قیمتیں ہٹا دیں۔
کمیشن کے مطابق یہ حکمت عملی “بیٹ ایڈورٹائزنگ” کی مثال تھی، یعنی صارفین کو کم قیمت دکھا کر متوجہ کیا گیا، مگر وہ قیمت فوری طور پر واپس لے لی گئی۔ کمیشن نے ہنڈائی کی اس حکمت عملی کو صارفین کو گمراہ کرنے والا عمل قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے صارفین بھی بین الاقوامی معیار کے اشتہارات اور شفاف معلومات کے حقدار ہیں۔
CCP کا کہنا ہے کہ یہ جرمانہ ایک واضح پیغام ہے کہ گمراہ کن مارکیٹنگ برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام کمپنیوں کو ایماندارانہ اشتہاری مہمات چلانی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں ؛ مالدیپ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف اسرائیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی