(24نیوز)اردوسائنس بورڈ، لاہور اور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز ،پشاور کے مابین تعاون واشتراک کامعاہدہ ہوگیا۔
ڈائریکٹر اردوسائنس بورڈ ضیاء اللہ خان طورو نے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عثمان غنی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون اور اشتراک کےمعاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے مطابق اردوسائنس بورڈ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کی لائبریری میں اپنی مطبوعات کاایک مخصوص کارنر قائم کرے گا۔دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے سیمینارز، کانفرنس،ورکشاپس کے انعقاد کے علاوہ طلبہ و طالبات کے لیے انٹرن شپ کا بھی اہتمام کیاجائے گا۔انسٹی ٹیوٹ میں اردوسائنس بورڈ کے افسران کو ٹریننگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔دونوں ادارے مل کر تحقیقی مواد تیاراورشائع کریں گے۔ معاہدے پر دستخط کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے سینئر افسران اورفیکلٹی کے ارکان بھی موجودتھے۔ڈائریکٹرضیاء اللہ خان طورو نے انسٹی ٹیوٹ کی لائبریری اورمختلف تعلیمی شعبوں کادورہ بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عثمان غنی نے بتایاکہ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسزپاکستان کا ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔آئی ایم ایس میں قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ ہیں اورپچاس فی صدسے زیادہ فیکلٹی پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہے۔طلبا کے لیے جدید لیبارٹریرز، کمپیوٹر لیبس اور لائبریریاں موجود ہیں۔طلبا کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ہم ان کو مشاورت اور ملازمتوں کے حصول میں مدد کرتے ہیں۔ضرورت مند اور مستحق طلبا کو مختلف وظائف دیے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ آئی ایم ایس کا بورڈ آف گورنرز نامور ماہرین تعلیم، صنعت کاروں، ممتاز کارپوریٹ ایگزیکٹوز، اور صوبائی اور وفاقی حکومت کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔