(24 نیوز)انڈین اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا نے رواں برس مئی کے دوران جیولن ایونٹ میں شرکت کی تیاری شروع کر دی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ جیولین ایونٹ جے ایس ڈبلیو سپورٹس کے زیر انتظام بینگلوروُ میں منعقد ہوگا جسے نیرج کے نام سے ہی منسوب کیا گیا ہے اور اس میں دنیا بھر کے بہترین جیولین تھرورز کو مدعو کیا گیا ہے۔
پیر کے روز نیرج چوپڑا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کے ارشد ندیم سمیت دنیا کے کچھ بہترین جیولن تھرورز کو دعوت نامہ بھیجا ہے۔نیرج اور ارشد روایتی حریف ہونے کے ساتھ اچھے دوست بھی ہیں جو کئی سالوں سے مختلف عالمی مقابلوں میں آمنے سامنے آ چکے ہیں۔
نیرج نے صحافیوں کو تصدیق کرتے ہوئے کہا ’ہاں، میں نے ارشد ندیم سے بات کی ہے، ارشد نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا وہ شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔ ارشد نے کہا کہ وہ اپنے کوچ سے اس پر بات کریں گے اور پھر بتائیں گے، لیکن ابھی تک انہوں نے انڈیا آنے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
نیرج نے مزید کہا کہ ایک بار جب کھلاڑیوں کی تصدیق ہو جائے گی، میں حتمی فہرست شیئر کر سکوں گا۔ ہر ٹاپ ایتھلیٹ کو مدعو کیا گیا ہے جن میں ارشد ندیم بھی شامل ہے۔ اگر وہ مقابلے میں شریک ہوتے ہیں تو اس میں حکومت بھی شامل ہو گی۔
انڈیا کے روہت یادیو بھی ان تین سے چار انڈین ایتھلیٹس میں شامل ہیں جو اس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔سرفہرست ایتھلیٹس جنہوں نے نیرج کو پہلے ہی رضامندی کا اظہار کیا ہے ۔
ان میں دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن اور اولمپک میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے اینڈرسن پیٹرز، سابق اولمپک چیمپئن تھامس روہلر، ایک اولمپک تمغہ جیتنے والے اور سابق عالمی چیمپئن یولیس یگو، کرٹس تھامسن اور یوروپ کے دیگر ٹاپ پرفارمرز بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :چین میں سونے کی تجارت کرنے والی اے ٹی ایم مشین متعارف