27 C
Lahore
Wednesday, April 23, 2025
ہومغزہ لہو لہودریائے سندھ پر 6 کینالز کا معاملہ، رانا ثنااللہ کا ایاز لطیف...

دریائے سندھ پر 6 کینالز کا معاملہ، رانا ثنااللہ کا ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر سے رابطہ



اسلام آباد:

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے دریائے سندھ پر 6 کینالز کے معاملے پر قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا اور مذاکرات کی پیش کش کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ رانا ثنا اللہ نے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کو فون کرکے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ 6 کینالوں کے معاملے پر سارے سندھ میں غصّہ اور بے چینی موجود ہے، کینال بنانے کا فیصلہ کر کے سندھ کے ساتھ شدید ناانصافی کی گئی ہے۔

رانا ثنااللہ نے انہیں بتایا کہ اس مسئلے کو وزیراعظم صاحب آپ سے گفتگو کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، سندھ کی مختلف جماعتوں کے نمائندوں کا کوئی وفد بنائیں گے تو ان سے بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔

ایاز لطیف پلیجو نے رانا ثنااللہ سے مطالبہ کیا  کہ آپ فوراً کینالوں کا فیصلہ واپس لیں تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے، سندھ اس وقت سارے فیصلے مشترکہ مشاورت کے طور پر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی ساری سیاسی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ پہلے کینالوں کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا اور انہیں دریائے سندھ پر کینالز سے متعلق تنازع پر مذاکرات کی پیش کش کی۔

اس موقع پر راشد محمود سومرو نے مشاورتی عمل میں قوم پرست جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سندھ کی سیاسی جماعتوں اور وکلا کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
راشد سومرو نے کہا کہ مذاکرات سے پہلے متنازع کینالز پر فوری طور پر کام روکا جائے، جمعیت علمائے اسلام سندھ کا واضح مؤقف ہے کہ سندھ کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات