وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہر قیمت پر نہروں کو نہ بننے دینے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر گارنٹی دینے کے لیے تیار ہوں کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے نہروں کا منصوبہ بننے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے وزیرِ اعظم انصاف سے کام لیں گے، وزیرِ اعظم کو بھی نہروں کے معاملے پر نتائج کی سنگینی کا اندازہ ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ جولائی 2024ء سے نہری منصوبے پر کام اور نومبر سے ایکنک میں منظوری رکی ہوئی ہے، ہم اس بات پر ناخوش ہیں کہ اب تک اس منصوبے کو ختم کیوں نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وکیل اور قوم پرست احتجاج ضرور کریں مگر اپنے لوگوں کو تکلیف دینے سے گریز کریں۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور مظاہرین کا مقصد ایک ہے، اگر ہم ناکام ہوئے تو پھر ہم بھی ہر طرح سے احتجاج کریں گے۔