جیکولین فرنینڈس نے ایلون مسک کی والدہ مائے مسک کے ہمراہ سدھی ونایک مندر میں حاضری دی۔
بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ایسٹر کے موقع پر ممبئی کے مشہور سدھی ونایک مندر کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ دنیا کی معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کی والدہ مائے مسک بھی موجود تھیں۔
سوشل میڈیا پر دونوں کی مندر میں حاضری کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
جیکولین فرنینڈس سنہری رنگ کے خوبصورت سوٹ میں ملبوس تھیں اور انہوں نے احتراماً سر پر دوپٹہ لیا ہوا تھا، جبکہ مائے مسک نے پیلے رنگ کا خوبصورت پرنٹڈ سوٹ زیب تن کر رکھا تھا، دونوں کو مندر میں پوجا کرتے اور پجاریوں سے آشیرواد لیتے دیکھا گیا۔
مائے مسک ان دنوں بھارت میں اپنی کتاب A Woman Makes A Plan کے ہندی ایڈیشن کی تقریبِ رونمائی کے سلسلے میں موجود ہیں۔
دورے کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے جیکولین نے کہا کہ مائے کے ساتھ مندر میں جا کر آشیرواد لینا ایک بہت خوبصورت تجربہ تھا، ان کی کتاب خواتین کی حوصلہ افزائی اور ثابت قدمی کی علامت ہے، اس کتاب نے مجھے سکھایا ہے کہ عمر محض ایک عدد ہے، جو کبھی خوابوں اور مقاصد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔
واضح رہے کہ مائے مسک نے ممبئی میں اپنی 77 ویں سالگرہ بھی منائی، جس کے لیے ایک نجی تقریب رکھی گئی تھی جس میں 40 سے 50 قریبی افراد شریک ہوئے۔